Thursday, November 3, 2011

28-10-2011

گوجرانوالہ ( میڈیاسیل )
نائب صدر شباب ملی صوبہ پنجاب محمد فرقان عزیز بٹ نے کہاہے کہ پارلیمنٹ قانون کی حکمرانی اور عوام کی فلاح و بہبود کا کام کرتی ہے لیکن اسے کرپشن ، اقرباپروری ، جرائم پیشہ عناصرکی پشت پناہی اور قومی امانتوں پر ناجائز تصرف اور دولت پیدا کرنے کا ذریعہ بنا دیا گیاہے ۔ جعلی ڈگریوں پر اسمبلیوں میں پہنچنا اس طبقہ کے دیوالیہ ہونے کا بین ثبوت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ملک عرفان ،طاہر نوید،عمران گجر ،سکندر بٹ بھی موجود تھے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حالات سے ملک کو نکالنے ، امریکی غلامی سے چھٹکارا پانے اور بین الاقوامی برادری میں باعزت مقام دلانے کے لیے انتخابات کے اس دستوری راستے کو ہر قسم کی آلائش سے پاک کر کے باصلاحیت اور باکردار قیادت کو آگے لانا وقت کا اہم ترین تقاضا ہے ۔ جماعت اسلامی سوئی ہوئی امت کو جگانے کی جدوجہد کر رہی ہے ۔ زرداری ، گیلانی اور شہباز شریف جیسے حکمرانوں کی موجودگی میں مہنگائی کم نہیں ہو سکتی ۔اس غرض کے لیے ضروری قانون سازی کر کے انتخابی عمل کو شفاف اور بامقصد بنایا جائے ۔ملک میں کمائی گئی دولت بیرون ملک رکھنے کو قوم و ملک سے غداری قرار دیا جائے اور ایسے تمام لوگوں کے الیکشن میں حصہ لینے پر پابندی عائد کی جائے ۔ نیزدوہری شہریت پر پاپندی بھی عائد کی جائے ۔سیاسی جماعتوں میں باقاعدہ بامعنی انتخابات کو لازم قرار دیا جائے ۔بھاری نذرانوں اور چندوں کے عوض حصول ٹکٹ کو خلاف قانون قرار دیا جائے ۔ ایسے طرز عمل کی مرتکب جماعتوں پر متعین وقت کے لیے انتخاب اور سیاست میں حصہ لینے پر پابندی عائد کی جائے ۔

No comments:

Post a Comment